نئی دہلی، 21جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کی خواتین کو تحفظ دینے کولے کر لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کی صدارت میں اسپیشل ٹاسک فورس کی تشکیل نو ہو گئی ہے۔دہلی حکومت کے محکمہ داخلہ نے ایل جی سے منظوری لے کر اسپیشل ٹاسک فورس کی تشکیل نو کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔اسپیشل ٹاسک فورس میں ایل جی کے علاوہ 16ارکان ہوں گے، جن میں دہلی کے چیف سکریٹری، دہلی پولیس کمشنر، دہلی خواتین کمیشن کی صدر، محکمہ داخلہ (دہلی)کے پرنسپل سکریٹری، ڈویژنل کمشنر (ریونیو)، ٹرانسپورٹ کمشنر (دہلی)، دہلی پولیس کے ا سپیشل کمشنر (ٹریفک)، اسپیشل کمشنر دہلی پولیس (وومین سیفٹی)، نئی دہلی بلدیہ کونسل (این ڈی ایم سی)کے صدر، تینوں میونسپل کارپوریشنز کے کمشنر، ایکسائز کمشنر (دہلی)،بہبودبرائے خواتین واطفال سیکشن (دہلی)کے سکریٹری، سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری اور ایک رکن مرکزی وزارت داخلہ کی یونین ٹیریٹری ڈویژن سے ہوگا۔اس کے علاوہ اگر اس ٹاسک فورس میں کسی دوسرے رکن کو شامل کرنے کی ضرورت ہو گی تو اسے بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ٹاسک فورس کی میٹنگ ہر 15دن میں ہوگی۔اسپیشل ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ ہائی کورٹ کے دخل کے بعد ہوا ہے۔گزشتہ ڈیڑھ سال سے دہلی خواتین کمیشن کا مسلسل مطالبہ تھا کہ دہلی میں خواتین کے تحفظ کے لئے ایک اسپیشل ٹاسک فورس تشکیل دی جائے جس میں مرکزی حکومت اور دہلی حکومت، دہلی پولیس اور خواتین کمیشن کو بھی شامل کیا جائے، تاکہ خواتین کے تحفظ کو لے کر مرکز اور دہلی حکومت ایک پلیٹ فارم پر آکر ٹھوس فیصلہ لے سکیں اور خواتین کے تحفظ سے منسلک زمینی حقیقت کے بارے میں خواتین کمیشن ایس ٹی ایف کو آگاہ کرتا رہے، کیونکہ دہلی کو خصوصی ریاست کا درجہ حاصل ہونے کی وجہ سے دہلی پولیس مرکزی حکومت کے تحت آتی ہے اور خواتین کی حفاظت کے لئے دہلی پولیس سب سے اہم کڑی ہے۔اس سلسلے میں دہلی خواتین کمیشن کی صدر سواتی مالوال نے کہا کہ اب دہلی کی خواتین کی حفاظت کے معاملے کو اٹھانے اور ان پر ٹھوس فیصلہ لینے کے لئے ایس ٹی ایف کی تشکیل کر دی گئی ہے۔اس کمیٹی میں دہلی حکومت کے منتخب نمائندے بھی شامل ہونے چاہیے۔ ایس ٹی ایف ہر 15دن میں میٹنگ کرے گی اور خواتین کے تحفظ کے لئے نہ صرف ٹھوس فیصلے لے گی بلکہ دہلی پولیس کے کام کاج کا جائزہ بھی لے گی۔